24 اگست 2017 - 14:18
ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان 8 ارب یورو کے تاریخی معاہدے پر دستخط

ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا ہے کہ حکومت کی عالمی تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے کی کوششیں رنگ لائیں اور آج جوہری معاہدے کے نفاذ کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران نے جنوبی کوریا کے ساتھ 8 ارب یورو کے تاریخی معاہدے پر دستخط کردئے.

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا- ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ نے کہا ہے کہ حکومت کی عالمی تعلقات اور تجارت کو فروغ دینے کی کوششیں رنگ لائیں اور آج جوہری معاہدے کے نفاذ کے بعد اسلامی جمہوریہ ایران نے جنوبی کوریا کے ساتھ 8 ارب یورو کے تاریخی معاہدے پر دستخط کردئے.

تفصیلات کے مطابق، ایران اور جنوبی کوریا کے درمیان 8 ارب یورو (تقریبا 10 ارب ڈالر) کے معاہدے پر دستخط کئے گے جس کے تحت جنوبی کوریا ایران میں مختلف تعمیراتی، صحت، ٹرانسپورٹیشن اور توانائی منصوبوں کے لئے فنڈز فراہم کرے گا جس سے ملک کی اقتصادی اور معاشی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی.

ایران کی سرمایہ کاری اور اقتصادی معاونت اتھارٹی کے سربراہ 'محمد خزاعی' اور جنوبی کوریا کے اگزیم بینک کے صدر 'چانگ' نے آج بروز جمعرات کوریائی دارالحکومت سیول میں اس معاہدے پر دستخط کئے.

اس معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لئے ایران کی سرمایہ کاری اتھارٹی اور ایران کے بعض تجارتی بینکوں کے اعلی حکام جنوبی کوریا کے دورے پر پہنچے.

ایران اور عالمی طاقتوں کے درمیان طے پانے والے جوہری معاہدے کے نفاذ کے بعد یہ ایران کا کسی بھی ملک کے ساتھ تاریخی معاہدہ سمجھا جاتا ہے.

اسی حوالے سے ایران کے مرکزی بینک کے سربراہ ولی اللہ سیف نے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ دنیا کے ساتھ تعلقات کو فروغ اور عالمی تجارتی سرگرمیوں میں شامل ہونے کے حوالے سے ایرانی حکومت کی جد و جہد رنگ لائی اور آج ہم دیکھ رہے ہیں کہ جوہری معاہدے کے نفاذ اور عالمی پابندیوں کے خاتمے کے بعد وطن عزیز میں تاریخی معاہدے پر دستخط ہونے جارہے ہیں.

انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ سالوں میں حکومت نے جو ملکی ترقی اور اقتصادی خوشحالی کےلئے اقدامات اٹھائے تھے اس کے ثمرات حاصل ہورہے ہیں تاہم اس راہ میں بعض مسائل ہیں مگر اللہ کے فضل و کرم سے ترقی اور جد و جہد کا یہ سفر جاری رہے گا.

اس معاہدے کے تحت ایران اور جنوبی کوریا کے نجی شعبوں سے متعلق مالیاتی ادارے اور کمپنی قرضوں کے حصول کی سہولیات سے مستفید ہوسکتے ہیں.

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲